پشاور (سپورٹس رپورٹر) خانہ فرہنگ ایران کے زیر اہتمام اسلامی انقلاب ایران کی 40 ویں سالگرہ کی تقریبات شروع ہوگئیں، تقریبات کا آغاز خانہ فرہنگ میں پاک ایران دوستی فوڈ فیسٹیول سے کیا گیا خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر کھیل وسیاحت محمد عاطف خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے، ایرانی قونصلر جنرل محمد باقر بیگی، افغان قونصلر ہاشم نیازی، سابق سینئر وزیر رحیم داد خان، سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریبات کے دوران ثقافتی شو اور ایرانی فن پاروں کی نمائش کا اہتمام بھی کیا جائے گا جبکہ پاکستان اور ایران کی ٹیموں کے درمیان فٹ بال، کبڈی اور زور خانہ کے مقابلے کرائے جائیں گے۔ فوڈ فیسٹیول میں ایرانی کھانوں، کتابوں اور برتنوں کے سٹالزکے علاوہ انقلاب ایران کی تصاویر اور فن پارے بھی رکھے گئے ہیں۔ سینئر وزیر محمد عاطف خان نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس سلسلے نوجوانوں کے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا، پاکستان اور ایران کے کھلاڑیوں کے درمیان فٹ بال اور دیگر کھیلوں کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ فیسٹیول کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دونوں کے درمیان فن، کھانوں اور ثقافتی شعبوں میں زیادہ سے زیادہ روابط ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ چار ممالک کا ثقافتی شو منعقد کیا جائے گا جس میں ایران، افغانستان، چین اور بھارت سے لوگوں کو مدعو کیا جائے گا اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے رابطہ کرلیا ہے۔