وزیراعظم عمران خان سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی سربراہ کرسٹین لوگارڈ نے ملاقات کی جس میں سربراہ آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ کے درمیان دبئی میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات دبئی میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر ہوئی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر بھی موجود تھے۔ اس دوران معاشی صورتحال اور بیل آؤٹ پیکیج پر بات چیت کی گئی۔
پاکستان کو مضبوط اقتصادی اصلاحات کا پیکیج متعارف کرانا ہوگا، آئی ایم ایف
آئی ایم ایف نے عمران خان سے ملاقات کی تفصیلات کے بارے میں اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ سربراہ آئی ایم ایف کی ملاقات اچھی اور تعمیری رہی جس میں پاکستان کی خوشحالی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان امدادی پروگرام پر جاری مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کی اقتصادی ترقی اور بحالی پر بات چیت ہوئی۔
سربراہ کرسٹینا لیگارڈ نے پاکستان کو نئے پروگرام کی فراہمی کے بارے میں اپنے عزم کو دہرایا اور کہا کہ ادارہ پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے تاہم پاکستان کو اقتصادی بحالی اور پائیدار و مضبوط اقتصادی نشوونما کی بنیاد رکھنے کے لیے فیصلہ کن پالیسیوں اور مضبوط اکنامک ریفارمز پر مبنی پیکیج متعارف کرانا ہوگا کیوں کہ فیصلہ کن پالیسیوں اور مضبوط اقتصادی اصلاحات سے ہی پاکستان اقتصادی ترقی کے قابل ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت کی پالیسیوں اور ایجنڈے میں غریب و پسماندہ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا اور مضبوط گورننس پر توجہ مرکوز رکھنا اولین ترجیحات ہیں، اس عمل سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا جب کہ معیار زندگی میں بہتری بھی پائیدار طریقے سے آئے گی۔