اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو آج رہا کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق گرفتار بھارتی پائلٹ کو آج سہہ پہر واہگہ بارڈر پر بھارتی ہائی کمیشن حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دفترخارجہ نے پائلٹ حوالگی سے متعلق باضابطہ طور پر مطلع کر دیا، سہ پہر تقریباً 3 بجے بھارتی پائلٹ کو بذریعہ واہگہ واپس روانہ کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایئر اتاشی گروپ کیپٹن جے ٹی کرین ابھی نندن کے سفری دستاویزات لے کر لاہور روانہ ہوگئے جو اسے بھارت چھوڑنے جائیں گے اور واہگہ کے مقام پر ابھینندن کو بھارتی ہائی کمیشن حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیا جارہا ہے، پاکستان کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے، افواج پاکستان اور قوم،وطن کا دفاع کرنا جانتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا جائے گا۔
پائلٹ کی رہائی کااعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے بھارت کو یہ بھی پیغام بھی دیا کہ پاکستان کی جانب بڑھنے والا ہر ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔
بدھ کے روز پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرنے والے بھارتی مگ 21 بائسن طیارے کو مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھی نندن کو پاکستانی فورس نے گرفتار کرلیا تھا۔