پشاور(عاصم شیراز)پاکستان آرچری فیڈریشن کے زیر اہتمام روشنیوں کے شہر کراچی میں منعقدہ نیشنل آرچری چمپئن شپ میں خیبر پختونخوااور فاٹاکی نمائندگی کرکے میڈلز جیتنے والے پختونخواآرچری کلب کے کھلاڑیوں کے اعزازمیں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر پشاور کے ڈائریکٹر ممتاز احمد ندیم مہمان خصوصی تھے،انکے ہمراہ پختونخواآرچری کلب کی صدر اور کوچ ساراخان،سکواش کے سابق عالمی نمبر دو کھلاڑی محب اللہ خان سمیت کثیر تعدادمیں دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس بی کوچنگ سینٹر کے ڈائریکٹر ممتاز احمد ندیم نے کہاکہ خیبر پختونخوابلکہ پاکستان آرچری کے فروغ میں پختونخواآرچری کلب کا کردار لائق تحسین ہے کیونکہ اس کلب نے قلیل مدت میں بہترین کھلاڑی پیداکئے ہیںجنہوںنے قومی سطح پر صوبے کیلئے اعزازات جیتے ہیں ۔انکاکہناتھاکہ آرچری فیڈریشن کی سرپرستی میںپختونخوا کلب کی روح رواں ساراخان کی کاوشوں سے آچری کھیل کو بام عروج پر پہنچادیاہے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب یہی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نیک نامی کا باعث بنیںگے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ساراخان کاکہناتھاکہ کوئی بھی کھیل حکومت کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا،صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے ڈی جی جنید خان نے انکی بھر پورمددکی ہے ،جبکہ آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری وصال محمد خان کی کاوشوں کو نظر اندازنہیں کیاجاسکتا،وصال محمدخان کی دن رات کاوشوں سے پاکستان میں اس کھیل کو متعارف کرایاگیاہے ۔واضح رہے کہ کراچی میں منعقدہ نیشنل آرچری چمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ میں فاٹاکی نمائندگی کرنے والے پختونخواکلب کے کھلاڑیوں اسرار ،وجاہت اللہ اور ظفر نے گولڈمیڈلز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی،جبکہ خیبر پختونخواکے وقاص احمد خلیل ،میجر(ر)اکبر اعظم اور وقار نے دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی ۔جبکہ پنجاب نے دوسری پوزیشن حاصل کی،جبکہ چمپئن شپ میں شریک 48آرچرزمیں سے وقاص احمد خلیل 16ویں اور وجاہت اللہ 12ویں نمبر پر رہے ۔