پشاور( عاصم شیراز) پمز کالج چمکنی میں گزشتہ روز قومی کرکٹرز اور پمز کے طالبات کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے محمد رضوان‘کراچی کنگز کے افتخار احمد ‘ ملتان سلطانز کے محمد الیاس اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے رفعت اللہ مہمند نے خصوصی شرکت کی تقریب میں طالبات اور کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے بھی نوازا گیا‘اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پیمز ایجوکیشن سسٹم اسماعیل خان ، ڈائریکٹر انور خان ، شمع کلب کے صدر حنیف شاہ ، حماد الحسن سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔ مقررین نے پی ایس ایل میں ان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آنے والی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے بڑے اعزازات حاصل کریں گے‘اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے پاکستان ٹیم میں منتخب ہونیوالے وکٹ کیپر بیٹسمین پشاور کے محمدرضوان نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کافی ٹف ہوگا اور اس کے لئے وہ اپنی بیٹنگ پر بھی خصوصی توجہ دے رۃے ہیں انہوں نے کہا کہ جن حالات میں کامیابی کے ساتھ پی ایسایل کے میچ پاکستان میں منعقد ہوئے اس پر بہت خوشی ہوئی اور سب سے بڑی یہ تھی کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کھیلنے کے لئے آئے اور یہ امید ہے کہ اس سے غیر ملکی کرکٹ کے دروازے پاکستان پر کھل گئے ہیں 27 ایک روزہ بین الاقوامی اور 13 ٹی 20 میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا تھا کہ میری ساری توجہ آسٹریلین ٹور پر ہے انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپنگ بہتر ہوچکی ہے اور اب بیٹنگ پر توجہ دے رہا ہوں اور خامیوں کو دور کررہا ہوں ‘رواں سال کرکٹ کے عالمی مقابلوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے پاکستان ٹیم میں شمولیت کا انحصار دورہ آسٹریلیا کی کارکردگی پر منحصر ہے جس کے لئے بھرپور تیاری کررہا ہوں