غیر ملکی ماڈل کو منشیات اسمگلنگ کیس میں 8 سال قید کی سزالاہور:(20 مارچ 2019) لاہور کی عدالت نے غیر ملکی ماڈل ٹریزا کو منشیات اسمگلنگ کیس میں آٹھ سال قید کی سزا سنا دی۔تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت کےایڈیشنل سیشن جج شہزاد رضا نے منشیات اسمگلنگ کیس میں غیر ملکی ماڈل ٹریزا ہلسکوا کو آٹھ سال آٹھ ماہ قید کی سزا سنا دی۔عدالت نے ملزمہ کو آٹھ کلو ہیرون اسمگل کرنے کے جرم میں آٹھ سال آٹھ ماہ قید اور ایک لاکھ تیرہ ہزار تین سو سینتیس روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔جبکہ جرمانہ کی عدم ادائیگی پر ملزمہ کو مزید آٹھ ماہ اور بیس دن قید کی سزا کا فیصلہ سنایا گیا۔سیشن عدالت کا فیصلہ سنتے ہی ماڈل ٹریزا نے زاروقطار رونا شروع کردیا۔دوسری جانب عدالت نے شریک ملزم شعیب حفیظ خان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔واضح رہے کہ یورپی ملک چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی ماڈل ٹریزا کودس جنوری دو ہزار اٹھارہ کو آٹھ کلو ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش میں لاہورایئر پورٹ سے متحدہ عرب امارات جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ ماڈل ٹریزا کے خلاف نو گواہان نے شہادتیں قلمبند کروا ئی تھی۔ عدالت نے ماڈل کے خلاف فیصلہ بارہ مارچ کو محفوظ کیا تھا۔