پشاور( دی خیبر ٹربیون) صوبائی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوامیں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کی صلاحیت کو اجاگر کرانے کیلئے گیمز کا انعقاد یقیناًایک بہت بڑافیصلہ ہے جس سے قبائلی نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا،انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب یہی نوجوان بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کی دنیامیں ملک کانام روشن کرینگے ۔ان خیالات کا اظہارپاکستان جوڈوفیڈریشن کی ویمن ونگ سیکرٹری جنرل اور پختونخوآرچری کلب کی صدر ساراخان نے گزشتہ روز جمرود سپورٹس کمپپلیکس میں گیمز کے افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایگری کلچر یونیورسٹی سکول کی پرنسپل شیرین سلطانہ بھی موجود تھیں ۔ساراخان نے کہاکہ قبائلی علاقہ صوبے میں ضم ہونے سے وہاں کے عوام بھی ترقی کے دوڑ میں شامل ہوچکے ہیں اور انشاء اللہ قبائلی نوجوان اب پہلے سے زیادہ کھل کر تعلیم ودیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدانوں میں بھی پاکستان کا نام روشن کرینگے ۔انکاکہناتھاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ قبائلی نوجوان باصلاحیت ہیں تاہم بدقسمتی سے انہیں وہ سہولیات میسر نہیں تھے جو دیگر شہروں کے لوگوں کو میسر تھے ،امید ہے کہ ضم ہونے سے قبائلی علاقہ جات کے نوجوان بھی صوبائی وزیر کھیل عاطف خان اور ڈی جی جنیدخان کی سربراہی میں جوڈواور آرچری سمیت دیگر کھیلوں میں اپنااور ملک کا نام روشن کرسکیں گے