پاکستان نے اثاثہ ڈکلیریشن ایمنسٹی اسکیم پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو راضی کرلیا جس کے بعد اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم اسی ماہ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم آئی ایم ایف پروگرام سے پہلے جاری ہوگی، آئی ایم ایف پروگرام لینے کے بعد اسکیم کا اجراء نہیں ہوسکتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اثاثہ جات ایمنسٹی اسکیم سے 170 ارب روپے کا ٹیکس ملنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ایف بی آر کو اسکیم کو عام فہم اور باآسانی نافذ العمل بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسکیم کا مقصد ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہونا چاہیے۔
اس موقع پر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ اسکیم سے ٹیکس گزاروں کو سہولت ملے گی، اسکیم سے معیشت کی دستاویزی شکل کو فروغ ملے گا۔