وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے میرانشاہ میں چیک پوسٹ
پر ہونے والے حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی قانون توڑے
گا اس کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جس جگہ واقعہ پیش آیا وہ علاقہ حساس ہے، پارلیمنٹ کے رکن ہوں یا کوئی اور چیک پوسٹ پر مسلح ہو کر جانے کا جواز نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کسی کے اشارے پر چل رہے ہیں، ان کا ایجنڈا کیا ہے معلوم نہیں لیکن یہ لوگ پشتونوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ واحد فوج ہے جس نے دہشت گردی کو شکست دی ہے، فوج اور عوام کی قربانیوں کی بدولت امن آیا ہے، اس علاقے میں آج بھی آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ پی ٹی ایم کا نہیں تھا، دو بندے ڈوگہ میں چھپے تھے، جب مقامی لوگ نکلے تھے تو وہاں پی ٹی ایم کا کیا کام تھا، مظاہرہ مقامی لوگوں کا تھا، دونوں ایم این ایز وہاں مسلح ہو کر گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کا ایجنڈا اور ان کو آنے والی بیرونی فنڈنگ کے ثبوت موجود ہیں، ریاست ایسے لوگوں کو اس طرح کی کارروائی کی اجازت نہیں دے گی۔