اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقوں میں انصاف روزگار پروگرام پرپابندی لگادی۔
ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان کی جانب سے قرضے دینے کی تقریب قانون کےخلاف ورزی تھی، تقریب انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش تھی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہےکہ چیف سیکریٹری، سیکریٹری خزانہ اور دیگر حکام اس پروگرام کے لیے فنڈز جاری نہ کریں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو 25 جون تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن خبیرپختونخوا کی جانب سے وزیراعلیٰ محمود خان کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
الیکشن
کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا ہےکہ ضم شدہ اضلاع میں قرضہ اسکیم کے فارم
تقسیم کرنا انتخابی عمل پر اثر انداز ہونا ہے، پابندی کے باوجود وزیراعلیٰ
کی جانب سے قرضہ اسکیم کے فارم کیوں تقسیم کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔