پشاور(دی خیبر ٹربیون)خیبر پختونخوا یوتھ امپیکٹ چیلنج پروگرام کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا جس میں صوبے بھر کے311 نوجوانوں ، جن میں خصوصی افراد اور اقلیتی برادری بھی شامل تھے، میں کاروبار کے آاغاز کے لئے گرانٹ تقسیم کی گئی مجموعی طور چار سو سے زائد نوجوانوں کو تربیت بھی دی گئی جنہوں نے 188 مختلف کاروبار شروع کئے آخری بیچ کے نوجوانوں میں 22.5 ملین روپے گرانٹ تقسیم کی گئی،پہلے مرحلے کے لئے 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے۔ سینئر وزیر کھیل وامور نوجوانان محمد عاطف خان نے آخری بیچ کے نوجوانوں میں گرانٹ تقسیم کی اراکین صوبائی اسمبلی کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک،ڈائریکٹر یوتھ آفیئرسلیم جان مروت بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سینئر وزیر محمد عاطف خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لئے دو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ضم قبائلی اضلاع میں 10 سالہ یوتھ امپیکٹ چیلنج پروگرام کے تحت نوجوانوں کو خود روزگاری کے قابل بنانے کے لئے دو ارب روپے خرچ کئے جائیں گے جس کے لئے بجٹ میں پہلے مرحلے میں 15 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، حکومت ایسی پالیسی اپنا رہی ہے کہ نوجوان روزگار مانگے نہ بلکہ دوسروں کو روزگار دے ، لوگ صرف سرکاری نوکریاں ڈھونڈتے ہیں حالانکہ اس کے علاوہ بھی روزگار اور دوسری نو کریاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا کاروبار کا آغاز خوش آئند ہے پروگرام کے نتائج باعث اطمینان ہیں دوسرے مرحلے میں خامیاں دور کی جائیں گی حکومت نوکریاں دینے کا رجحان تبدیل کر رہی ہے ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد بڑھانے کا دوسرا رخ بھی دیکھنا بھی چاہئے حکومت پنشن پر سالانہ 25 سے 30 ارب روپے خرچ کر رہی ہے اگر اس مد میں بچت کی جائے تو مزید نوکریاں دی جاسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عید پر شمالی علاقوں میں 20 لاکھ سیاح آئے ایک اندازے کے مطابق وہاں تین دنوں میں چھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے نئے مقامات تلاش کر رہی ہے ضم قبائلی اضلاع میں ایسے 11 مقامات کی نشاندہی کر دی گئی ہے ضلع کرم میں ساحتی مقام کا دورہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے نوٹس بھی جاری کیا ہے سیاحتی مقامات تک جانے والی سڑکوں کے لئے بجٹ میں رقم مختص کی گئی ہے نئے مقامات کی تلاش کے سلسلے میں عالمی بنک سے 100 ملین ڈالر کیلئے بات چیت چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بھی نوجوانوں کے لئے 100 ارب روپے پروگرام کا آغاز کیا ہے کوشش کریں گے اس پروگرام سے بھی صوبے کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ گرانٹ دیں