پشاور(دی خیبر ٹربیون) آرمی نے کے آر ایل کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیکر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری 28 ویں نیشنل فٹ بال چیلنج کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، فائنل میں آج آرمی کا مقابلہ ایس ایس جی سی کی ٹیم سے ہوگا۔دوسرے سیمی فائنل کے موقع پرایس ایس پی آپریشنز ظہور خان آفریدی مہمان خصوصی تھے، خیبرپختونخوا فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید ظاہر علی شاہ اور سیکرٹری باسط کمال بھی موجود تھے۔مقررہ اور اضافی وقت کے اختتام تک میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا جس کے بعد پینلٹی ککس پر فیصلہ کیا گیا آرمی نے تین اور کے آر ایل نے ایک گول کیا۔ پہلے سیمی فائنل میں ایس ایس جی سی نے واپڈا کو صفرکے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا تھا۔
