مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جارحیت تیز کردی، بھارتی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجوہ نازک صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارتی فوج نے ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ بڑھادیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں نائک تنویر، لانس نائک تیمور اور سپاہی رمضان شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک آرمی نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے جبکہ کئی زخمی ہوئے اور بنکرز کو نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
دفترخارجہ میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھارت کی طرف سےکنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا گیا۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت کی طرف سے لیپا اور بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں نائیک تنویر احمد، لانس نائیک تیمور احمد اور سپاہی رمضان شہید ہوئے۔
دفترخارجہ کے مطابق بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے، بھارت مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
دفترخارجہ نے خبردار کیا کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی خطے کیلئے خطرہ ہے، بھارت جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے۔