خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں بہتر کارکردگی پر پولیس اہلکاروں میں مبینہ طور پر چرس کی تقسیم کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔
سی سی پی او پشاور کریم خان نے پولیس اہلکاروں میں منشیات کی تقسیم کی خبر پر تحقیقات کا حکم دے دیا اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کو سزا دینے کی ہدایت بھی کردی۔
پشاورمیں پکڑی جانے والی منشیات پولیس اہلکاروں میں تقسیم کرنے سے متعلق خبریں سامنے آنے پر ایس ایس پی کوآرڈینیشن سرفراز علی شاہ کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے جو اپنی تحقیقات کررہے ہیں۔
ایس ایس پی کہتے ہیں کہ انکوائری شروع کر چکے ہیں اور اہلکاروں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ خبر سچ ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ بہترین کارگردگی دکھانے پر پولیس اہلکاروں میں چرس تقسیم کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ پچھلے 6 ماہ کے دوران پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات قبضے میں لی۔
بڑی کامیاب کارروائی کی خوشی میں موقع پر موجود اعلیٰ افسران نے پکڑی جانے والی منشیات میں سے چھاپہ مار ٹیم میں شامل اہلکاروں میں فی کس ایک کلو چرس تقسیم کی۔