امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایرانی قیادت نے ماضی میں اسرائیل کو کینسر قرار دیا تھا، امریکا صیہونیت کی مخالفت کبھی برداشت نہیں کرے گا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دنیا کا مستقبل عالمگیریت میں نہیں بلکہ حب الوطنی میں ہے، ہم سوشل میڈیا کی بڑی کمپنیوں کو عوام کی آواز دبانے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ان روایات کی سختی سے حفاظت کرے گا جن کی بنیاد پر یہ ملک سب سے آگے ہے، امریکا اپنی فوج کی از سرنو تعمیر کررہا اور سب سے بڑی فوجی طاقت ہے تاہم ہم اس طاقت کو استعمال نہیں کرنا چاہتے۔
عالمی تجارت کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ عشروں سے چند ممالک بین الاقوامی تجارت کا استحصال کر رہے ہیں، دوست ممالک اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کی خود ذمہ داری اٹھائیں۔
ایران کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق امریکی مؤقف اٹل ہے، ایران دہشت گردی کو فروغ دینے والے پہلے ممالک میں شامل ہے، ایرانی حکام نے ہمیشہ امن بات چیت کو مسترد کیا ہے، ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران کی موجودہ روش جاری رہی تو امریکا پابندیاں سخت کردے گا، ایرانی قیادت نے ماضی میں اسرائیل کو کینسر قرار دیا تھا، امریکا صیہونیت کی مخالفت کبھی برداشت نہیں کرے گا۔