چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات نے کہا ہے کہ کشمیر ہمارے خون میں دوڑتا ہے، کشمیر پاکستان اور پاکستان کشمیر ہے۔
رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر تقسیمِ ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے کشمیریوں کی خواہش، اقوام متحدہ کے چارٹر اورسیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کےمطابق حل ہونا چاہیے، بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیرکے ساتھ زبردستی الحاق غیرقانونی اور ناجائز ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے مزید کہا کہ بھارت میں نسلی امتیاز کو فروغ دیاجا رہا ہے، بھارت کا مقبوضہ جموں وکشمیرکے ساتھ زبردستی الحاق غیرقانونی اور ناجائز ہے ، پاکستان کو یہ اقدام کسی صورت قبول نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں،ان سےمحبت ہمارے خون میں شامل ہے ، مقبوضہ کشمیرتقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیرکےمنصفانہ حل تک دیرپا امن قائم نہیں ہوسکتا۔
جنرل زبیر حیات نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کی جانب سے جاری ظالمانہ اور بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے،پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور کسی بھی پاکستان مخالف اقدام کا جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہیں، پاکستان ہاتھ ملانے والوں سے ہاتھ ملائے گا لیکن آنکھ کا بدلہ آنکھ ہوگی۔