ہانگ کانگ کی پورٹ ہولڈنگ کمپنی ہچی سن نے پاکستان میں 240 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
سفیر برائے بیرون ملک سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی کی کوشش سے پاکستان کے شپنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری شروع ہوئی ہے۔
ہانگ کانگ کی پورٹ آپریٹنگ کمپنی کے وفد نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں سفیر برائے بیرون ملک سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی ، وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی، مشیر تجارت رزاق داؤد اور ذلفی بخاری بھی شریک ہوئے۔
وزیر اعظم نے سرمایہ کاری اور ملکی معاشی خوشحالی کے عزم کا خیر مقدم کیا اور وفد کو سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانیوں کے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی نمو اور روزگار کی فراہمی کے لیے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہچی سن پورٹ ہولڈنگ کراچی پورٹ کو ایشیا کی تجارت کا مرکز بنانے میں سہولت فراہم کرے گی اور بندرگاہ پر ٹرمینل کی استعداد میں اضافہ کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق اس نئی سرمایہ کاری سے 3 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی جب کہ کمپنی پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو ایک ارب ڈالر تک لے جائے گی۔
اس موقع پر علی جہانگیر صدیقی کاکہنا تھا کہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر اضافی کنٹینر ٹرمینل کی ضرورت ہے جب کہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں قومی خزانے اور کراچی پورٹ ٹرسٹ دونوں کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کرنسی کی قیمت کے باعث برآمدی یونٹ کی مقدار میں اضافہ ہورہا ہے۔