نواز شریف کی سروسز اسپتال لاہور میں طبعیت پھر خراب ہوگئی ، خون میں پلیٹیلیٹس کی تعداد 20 ہزار سے کم ہوکر چھ ہزار پر آگئی۔
وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ مسئلہ پلیٹیلیٹس کے ٹوٹنے کا ہورہا ہے ، انہیں قوت مدافعت کو متاثر کرنے والی بیماری ہے ، شریف فیملی بیرون ملک سے کوئی ڈاکٹر بلوانا چاہے ہم اسے بھی بلوالیں گے ، ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کا بون میرو بالکل درست ہے ، نواز شریف کی قوت مدافعت بڑھانے کے لیے انجکشن لگائے جارہے ہیں ۔
لاہور کے سروسز اسپتال میں انہیں مسلسل ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا جارہا ہے۔ جمعرات کی صبح خون میں پلیٹیلیٹس کی تعداد 20 ہزار تک پہنچی تھی جو شام میں گرکر پھر 6 ہزار رہ گئی۔
نواز شریف کا طبی معائنہ معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ کےسربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایازکاکہنا ہے کہ تلی کے بے ترتیب کام کرنے کی وجہ سے پلیٹیلیٹس ٹوٹ رہے ہیں، نواز شریف کو پلیٹیلیٹس کے میگا یونٹ لگانے کا فائدہ نہیں، پلیٹیلیٹس لگ بھی جائیں تو پھر ختم ہو جائیں گے، نواز شریف کی قوت مدافعت بڑھانے کیلئے انجکشن لگائے جارہے ہیں، تین سے چار روز تک انجکشن کا رسپانس ٹائم دیکھیں گے،جس کے بعد دوبارہ پلیٹیلیٹس لگانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔