اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 90 پیسے تک کمی کردی۔
وزرات خزانہ کے مطابق پیٹرول 25 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 113 روپے 99 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 2 روپے 40 پیسے کمی کی گئی اور نئی قیمت 125 روپے ایک پیسہ فی لیٹر مقرر کی گئی جبکہ مٹی کا تیل 83 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد 96 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔
وزرات خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں فی لیٹر 2 روپے 90 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 82 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 17 فیصد جی ایس ٹی کی بنیاد پر کیا گیا، فی لیٹر پیٹرول پر 15 روپے پیٹرولیم لیوی شامل کی گئی جبکہ فی لیٹر ڈیزل پر 18 روپے پیٹرولیم لیوی شامل ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فی لیٹر مٹی کے تیل پر 6 روپے پیٹرولیم لیوی شامل ہے، فی لیٹر لائٹ ڈیزل آئل پر 3 روپے پیٹرولیم لیوی شامل کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو بھیجی گئی سمری میں پیٹرول 25 پیسے اور مٹی کا تیل 83 پیسے فی لیٹر جب کہ لائٹ ڈیزل 2 روپے 90 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔