چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر
جنرل (ر) پرویز مشرف کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے کو تاریخی قرار دے
دیا۔
گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج کا فیصلہ تاریخی فیصلہ ہے۔
بلاول نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ جمہوریت کی طرف پاکستان کے سفر کا پہلا قدم ہے اور آنے والے زمانے کے لیے پیغام ہے کہ کوئی آمر اس قسم کا غیر جمہوری قدم نہيں اٹھاسکے گا۔
قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بلاول نے اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے جلسے سے خطاب کی تصویر لگائی اور لکھا کہ “جمہوریت بہترین انتقام ہے ، جئے بھٹو !!!”
خیال رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اور خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس وقار سیٹھ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی اور جسٹس سیٹھ وقار نے چار سطروں پر مشتمل مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف نے 3 نومبر 2007 کو آئین پامال کیا اور ان پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوتا ہے۔
فیصلے کے مطابق پرویز مشرف پر آئین توڑنے، ججز کو نظر بند کرنے، آئین میں غیر قانونی ترامیم، بطور آرمی چیف آئین معطل کرنے اور غیر آئینی پی سی او جاری کرنے کے آئین شکنی کے جرائم ثابت ہوئے۔
تین رکنی بینچ میں سے دو ججز نے سزائے موت کے فیصلے کی حمایت کی جب کہ ایک جج نے اس سے اختلاف کیا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے جج نظر محمد اکبر نے فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔