پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض کی دوسری قسط موصول ہوگئی۔
پاکستان کو آئی ایم ایف سے دوسری قسط کی مد میں 45 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز ملے ہیں۔
قرضے کی دوسری قسط آئندہ ہفتے زرمبادلہ کے ذخائرمیں شامل ہوجائے گی۔ پاکستان کے موجودہ زرمبادلہ کے ذخائر 17.595 ارب ڈالر ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے ذخائر10.907 ارب ڈالرز اور دیگر بینکوں کے پاس 6.688 ارب ڈالرز کے ذخائر ہیں۔
خیال رہے کہ رواں ماہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کی اقتصادی کارکردگی کا پہلا جائزہ مکمل کیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان کا اقتصادی اصلاحات کا پروگرام درست سمت پر ہے اور پاکستانی حکام کے پالیسی پر عمل درآمد سے معیشت مستحکم کرنے میں مدد مل رہی ہے، مارکیٹ کے مطابق ایکسچینج ریٹ درست رہا۔
آئی ایم ایف نے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے لیے 45 کروڑ سے زائد کی دوسری قسط جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔
یاد رہے کہ 3 جولائی 2019 کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز کے قرض کی منظوری دے تھی جو تین سال کے دوران وقتاً فوقتاً قسط وار جاری کیے جائیں گے۔