اسلام آباد-آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 10 پیسے فی لیٹر تک اضافے کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی ہے۔
سمری میں پٹرول 2.61، ڈیزل 2.25،لائٹ ڈیزل 2.80اورمٹی کا تیل 3.10 روپے فی لیٹرمہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے، قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ کریگی جبکہ اس پر اطلاق یکم جنوری 2020ء سے ہوگا، جبکہ ایل پی جی 20روپے کلوبڑھ گئی ہے اور اب اس کی قیمت 150 روپے ہو جائے گی۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 116 روپے 60 پیسے،ڈیزل کی 127 روپے 26 پیسے، مٹی کے تیل کی 99 روپے 45 پیسے اورلائٹ ڈیزل کی 84 روپے 51 پیسے ہوجائے گی۔
دوسری جانب ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ماہ جنوری سے سرکاری قیمت میں تقریباً فی کلو 20 روپے اضافہ کیا جائے گا۔