وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے یوٹیلیٹی اسٹور کا دورہ کیا اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو چینی، آٹا، گھی اور چاول پر 7 ارب روپے کا ریلیف پیکج دینے کا اعلان کیا تھا۔
ریلیف پیکیج کے اعلان کے بعد ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر کہیں کھانے پینے کی اشیاء کے دام زیادہ تو کہیں آٹے، دال، گھی اور چاول کی قلت ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے اعلان کے باوجود آج دن بھر لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا تاہم شام میں وزیراعظم نے خود اسلام آباد کے یوٹیلیٹی اسٹور کا دورہ کیا۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، سبسڈی کا فائدہ غریب شہریوں کو ہونا چاہیے۔