پشاور(سپورٹس رپورٹر) شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی انٹر کالجز سپورٹس فیسٹیول 11 فروری سے شروع ہورہا ہے کھیلوں کے یہ مقابلے مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے جس میں یونیورسٹی کیساتھ الحاق شدہ کالجز حصہ لے رہے ہیں اس کا فیصلہ گزشتہ روز شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی میں سالانہ جنرل کونسل اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وائس چانسلر شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے کی ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی ماریہ ثمین‘پرنسپل سٹی گرلز کالج اور صدر سپورٹس کمیٹی پروفیسر شاہین عمر‘نائب صدر مس روبینہ خان پرنسپل گرلز کالج تنگی‘ممبرز ایگزیکٹو کمیٹی مس نجمہ قاضی‘مس سعدیہ گل‘مس آفشین خان‘مس روحینہ‘ مس ہما اور مس لیلیٰ‘ہیڈ کوچ اور انٹرنیشنل کرکٹر سلمیٰ فیض‘ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن بھی موجود تھیں‘اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے تمام الحاق شدہ کالجز کی سربراہان اور ان کی ٹیم کی دیگر اراکین کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا‘انہوں نے کہا کہ طالبات کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں اور خاص طور پر کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینا ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے ضروری ہے انہوں نے کہا کہ کھیل خطرناک امراض سے بھی بچاؤ کا ذریعہ ہیں جن میں دل کے امراض‘کینسر‘بلڈ پریشر‘ڈپریشن اور دیگر شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینے سے طالبات فٹ اور چست رہتی ہیں کھیل ہمیں ڈسپلن سکھاتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ضم شدہ اضلاع کے کالجز سے بھی طالبات ان مقابلوں میں بھرپور شرکت کررہی ہیں اور ہم ان کی حوصلہ افزائی کیلئے حاضر ہیں‘ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس ماریہ ثمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اس سال بیس بال‘والی بال‘جوڈو‘بیڈمنٹن‘ٹیبل ٹینس‘کرکٹ‘باسکٹ بال‘ایتھلیٹکس‘فٹبال اور نیٹ بال کے مقابلے منعقد کررہے ہیں حال ہی میں ہاؤس کی منظوری سے فٹبال اور نیٹ بال کے مقابلوں کو شامل کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی کالج کو کوچز کی ضرورت ہوتو یونیورسٹی انہیں کوچز بھی فراہم کرنے کے لئے تیار ہے اس کے ساتھ ساتھ انہیں کھیلوں کا سامان بھی فراہم کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ یادگار سپورٹس فیسٹیول منعقد کیا جائے گا جس میں کھلاڑیوں کی تعداد میں بھی بھرپور اضافہ ہوا ہے اور ضم شدہ اضلاع کے کالجز کی طالبات بھی ان مقابلوں میں بھرپور شرکت کررہی ہیں۔