پشاور(دی خیبر ٹربیون)ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس پشاور یونیورسٹی کے زیر اہتمام انٹر کالجیٹ بوائز ڈگری سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا گزشتہ روز فیسٹیول کی تقریب تقسیم انعامات ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس پشاور یونیورسٹی میں منعقد ہوئی اس موقع پر پشاور یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی‘پیوٹا کے صدر پروفیسر ڈاکٹر فضل ناصر‘سکواش لیجنڈ قمرزمان مہمانان خصوصی تھے ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم‘پرنسپل گورنمنٹ کالج پشاور پروفیسر نصر اللہ خان‘پرنسپل گورنمنٹ کالج لنڈی کوتل پروفیسر شیر بہادر‘پرنسپل متھرا ڈگری کالج سمیت دیگر پروفیسرز‘تمام کالجز کے ڈی پی ایز اور دیگر شخصیات موجود تھیں‘سپورٹس فیسٹیول میں چودہ ایونٹس منعقد ہوئے جس میں پشاور یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز نے شرکت کی جس میں 70 پوائنٹس کیساتھ جنرل ٹرافی گورنمنٹ کالج پشاور نے جیت لی‘ گورنمنٹ کالج پشاور کے پرویز نیاز کو 52 پوائنٹس حاصل کرنے پر بہترین ایتھلیٹ کی ٹرافی اور پانچ ہزار روپے نقد ایوارڈ سے نوازا گیا‘اختتامی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے اعلان کیا کہ وہ کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کیلئے ہر وقت تیار ہیں اور کھیلوں کے فروغ و ترقی کیلئے جو کچھ ہوسکا وہ کریں گے انہوں نے کہا کہ طلباء کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں‘صدر پیوٹا ڈاکٹر فضل ناصر نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ و ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے تا کہ کھلاڑیوں کو ٹیلنٹ دکھانے کے بھرپور مواقع مل سکیں‘سکواش لیجنڈ قمرزمان نے کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے اعلان کیا کہ پشاور یونیورسٹی سکواش کورٹس تیار ہونے پر یہاں انٹر یونیورسٹی ایشین سکواش چمپئن شپ منعقد کی جائے گی آخر میں ونر کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔