پشاور(دی خیبر ٹربیون) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ چترال کے باہمی اشتراک سے تاریخ میں پہلی بار چترال کی خوبصورت وادی مدقلشت میں منعقد ہونے والا ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا، فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد تھے، ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالحق، ٹورازم کارپوریشن کے عہدیداران، مقامی شخصیات سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے،
تین روزہ فیسٹیول میں سکینگ انڈر12 مقابلوں میں دلشان عزیز نے پہلی، آیاز علی نے دوسری اور امانت علی نے تیسری پوزیشن لی، انڈر14 مقابلوں میں شہیر اعظم نے پہلی، سیار حمید نے دوسری اور عزیر علی نے تیسری پوزیشن لی، انڈر16 مقابلوں میں عباد الرحمان نے پہلی، عمید حسین نے دوسری اور دولت زیاد نے تیسری پوزیشن حاصل لی، انڈر25 سکینگ مقابلوں میں موبین الرحمان نے پہلی، عاشق علی نے دوسری اور قربان نواز نے تیسری پوزیشن حاصل کی،
انڈر60 کیٹیگری کے مقابلوں میں برحان الدین نے پہلی، حمید ولی نے دوسری اور ظہیر الدین نے تیسری پوزیشن حاصل کی، سنو بورڈنگ کے مقابلوں میں علی حسین نے پہلی، آصف رضا نے دوسری اور عدیب حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی، فیسٹیول میں پیراگلائیڈنگ کا بھی شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا،
ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ چترال اور ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون سے اس خوبصورت سیاحتی مقام پر ایونٹ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا جس میں نہ صرف مقامی افراد شریک ہیں بلکہ غیرملکی سیاح بھی اس تین روزہ فیسٹیول سے لطف اندوز ہوئے،
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ یہ ایک نیا سیاحتی مقام ہے اوراس کے باوجود یہاں کے مقامی باشندوں نے سیاحوں کا کھلے دل سے استقبال کیا اور ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور ساتھ دیا، انہوں نے کہا کہ مداقلشت کا سیاحتی مقام مستقبل میں بہترین سیاحتی مقامات میں شمار ہو گا اور یہاں موسم سرما میں سیاحتی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔