خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں سے 17 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوگئے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کے مطابق حالیہ بارشوں سے مختلف اضلاع میں جانی نقصان ہوا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ حالیہ بارشوں سے مردان میں 6، سوات میں 4، پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں2، 2 جبکہ بونیر میں ایک ہلاکت ہوئی اور 37 افراد زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ صوبے بھر میں 47 مکانات کو جزوی اور 2 مکانوں کو مکمل نقصان پہنچا جبکہ ایک اسکول کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بٹگرام، چارسدہ، صوابی اور مردان کے متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا جن میں خیموں سمیت دیگر سامان شامل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نوشہرہ نے 2 جاں بحق بچوں کے ورثاء میں امدادی چیک تقسیم کیے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے اور رواں ماہ میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کے4 سے 5 سلسلے داخل ہوں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیسرے اور چوتھے ہفتے میں زیادہ بارشیں ہوں گی جبکہ کے پی کے، پنجاب، کشمیر میں آندھیوں اور ژالہ باری اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔