کورونا وائرس نے دیگر صنعتوں کے ساتھ تیل کی صنعت کو بھی شدید متاثر کیا ہے اور مانگ میں کمی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 15 فیصد کمی آئی ہے۔
کورونا وائرس دنیا کے 166 سے زائد ملکوں میں پھیل کر دنیا بھر کی معیشت کو شدید متاثر کررہا ہے جس کے باعث خام تیل کی قیمتیں بھی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمتیں 18 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں اور اس کی فی بیرل قیمت15 فیصد کمی کے بعد 22.90 ڈالر ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل 2016 کے بعد کم ترین سطح پر آگیا ہے،برینٹ کروڈ آئل کی قیمت9 فیصد کمی کے ساتھ 26 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب تیل پیدا کرنے والے اہم ملک روس نے سعودی عرب کی قیادت میں تیل پیدا کرنے والے 14 ممالک کی تنظیم اوپیک کا مطالبہ منظور کرنے سے انکار کردیا۔
اوپیک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی صنعتیں متاثر ہوئی ہیں، خاص طور پر سیاحت اور ائیر لائنز کا شعبہ شدید متاثر ہوا ہے جس کے باعث تیل کی مانگ میں بھی کمی آئی ہے۔
سعودی عرب چاہتا تھا کہ اوپیک سمیت روس جو کہ اوپیک کا رکن نہیں ہے ، تیل کی پیداوار میں کمی کردے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں برقرار رکھی جاسکیں تاہم روس کے انکار کے بعد اوپیک ممالک نے بھی خام تیل کی پیداوار میں کمی سے انکار کردیا۔