اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں ڈیڑھ فیصد کمی کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ملک میں شرح سود 11فیصد پر آگئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے شرح سود 150 بیسز پوائنٹس کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد شرح سود 11فیصد ہوگئی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے اپنے بیان میں شرح سودمیں کمی کاسبب کوروناوائرس سےملکی معیشت کودرپیش خدشات کوبتایا ہے۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ اس نے کورونا وائرس کے دنیا بھر کی معیشت کی غیر یقینی صورتحال اور اس کے پاکستان پر اثرات پر نظر رکھی ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ایم پی سی کے اجلاس کے دوران اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ ملک میں مہنگائی اور شرح نمو کے آؤٹ لک (مستقبل کے منظر نامے) کے پیش نظر زری پالیسی میں مزید تبدیلی ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ 17 مارچ کو اسٹیٹ بینک نے شرح سود 75 بیسز پوائنٹس کم کر کے 12.50 فیصد کردی تھی۔