پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ایک بار پھر حکومت سے فوری طور پر ملک گیر لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا ۔
اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ تفتان بارڈر پر زائرین کو بھیڑ بکریوں کی طرح رکھا گیا، بروقت کارروائی کی جاتی تواتنی مشکل نہ ہوتی۔
شہباز شریف نے وزیراعظم سے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ شرح سود میں دو سے تین فیصد اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 70 روپے فی لیٹر کمی کی جائے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر شہباز شریف خصوصی طور پر لندن سے پاکستان پہنچے ہیں اور ان کاکہنا ہے کہ جس طرح انہوں نے پنجاب میں ڈینگی کا مقابلہ کیا اسی تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے کورونا کا بھی مقابلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے پاکستان میں اب تک 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 900 سے تجاوز کرچکی ہے۔ اس صورتحال میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلکت اور اسلام آ باد میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے تاہم وزیراعظم عمران خان نے وفاقی سطح پر لاک ڈاؤن کا اعلان نہیں کیا۔