وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے کچھ صوبائی حکومتوں نے فعال کردار ادا کیا اور کچھ نے نہیں، اس معاملے میں سندھ حکومت سب سے زیادہ فعال رہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ نے کورونا سے نمٹنے کے بہت اچھے اقدامات کئے جس کے لیے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو مبارک باد دیتا ہوں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کے سوال پر فعاد چوہدری نے کہا کہ اس پر پنجاب حکومت ہی سے پوچھیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی کئی معاملات میں جتنی اچھی کمیونیکیشن ہونی چاہیے تھی وہ نہیں ہوئی، تفتان معاملے میں بھی وفاقی حکومت نے اچھی کمیونیکیشن نہیں کی جب کہ تفتان میں زائرین کو روکنا بلوچستان حکومت کا کام تھا۔
لاک ڈاؤن کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ ایسا کرنے میں اشیاء خورد و نوش کی فراہمی سمیت تین چار مسائل ہیں، کرفیو لگایا تو تین چار گھنٹے بعد لوگ اٹھائیں گے جس کے بعد لوگوں کی لائنیں لگ جائیں گی۔
کورونا وائرس پر مذہبی انتہاپسندی سے متعلق انہوں نے کہا کہ اللہ کا عذاب رجعت پسند مذہبی طبقے کی جہالت ہے، کورونا کے پھیلاؤ میں بڑا حصہ مذہبی اجتماعات کا ہے اور رجعت پسند علماء معاشرے کی تباہی کرتے ہیں مگر جو علماء حق کی بات کرتے ہیں وہ نعمت ہیں۔
سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے پر انہوں نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس روزانہ ہونا چاہیے مگر ایمرجنسی میں سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنا وقت ضائع کرنا ہے۔