افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق خود کش حملہ آور نے افغان اسپشل فورسز کے کیمپ کے باہر خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے باعث وہاں موجود عام افراد نشانہ بن گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد اسپیشل فورسز کے کیمپ میں ایک کنٹریکٹ پر کام کررہے تھے اور حملے کے وقت وہ دروازہ کھلنے کے انتظار میں تھے۔
حکام نے حملے کا الزام طالبان پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز ہی افغان وزیر داخلہ اور افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر نے اس فوجی کیمپ کا دورہ کیا تھا۔
دوسری جانب طالبان یا کسی اور گروپ کی جانب سے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا اور طالبان میں امن معاہدے اور افغان حکومت اور طالبان میں قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے کا آغاز ہونے کے بعد حملوں میں کمی آئی ہے اور کابل میں کئی ہفتوں کے وقفے کے بعد ہونے والا یہ پہلا دھماکا ہے۔
دو روز قبل ہی امریکا نے کورونا وائرس کے پیش نظر افغانستان میں طالبان سمیت تمام متحارب گروپوں سے جنگ بندی کی اپیل کی تھی۔