پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور معروف قانون دان فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی موت کے حوالے سے زیر گردش خبریں بے بنیاد ہیں۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کے خلاف من گھڑت خبریں چلائی جا رہی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ آصف زرداری کو کئی بیماریاں لاحق ہیں، کمر کی تکلیف ہے اور ہاتھ کانپتے ہیں لیکن ان کی موت کی خبریں بے بنیاد ہیں، وہ کورونا کی وجہ سے اپنے گھر میں ہیں۔
چند روز قبل بھی آصٖف زرداری کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں جس پر آصف علی زرداری کے ترجمان نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سابق صدر کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور وہ اپنے گھر پر موجود ہیں۔
نیب قوانین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر نیب قانون بنائے اس سے زیادہ اچھی بات نہیں ہو سکتی۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ میں نے نیب قانون میں ترامیم پر ڈرافٹ بنایا ہے جس میں انکوائری اور تفتیش کی سطح پر گرفتار نہ کرنے کی تجویز دی ہے۔