مسلم لیگ (ن) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت ٹیکس وصولی، معیشت کو سنبھالنے میں ناکام ہوچکی، عوام کے سڑکوں پر آنے اور جمہوریت کو خطرہ ہے۔ خواجہ آصف بولے کہ مہنگائی کا طوفان یہاں نہیں رُکے گا، عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، جرأت ہے تو اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے عمران خان استعفیٰ دیں۔ احسن اقبال نے کہا عمران خان آپ کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کا وقت آگیا ہے، آپ کریز چھوڑدیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس کلیکشن اور معیشت کو سنبھالنےمیں ناکام ہوچکی ہے، پیٹرول کی قیمت 35 روپے فی لیٹر کم ہونی چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج جو پیٹرول دستیاب ہےاس پر 44 روپے 55 پیسے ٹیکس لگایا گیا، آج پیٹرول کی حقیقی قیمت67 روپے ہے، باقی ٹیکس شامل ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا مقدمہ عوام کی عدالت میں رکھ دیا ہے، حکومت ٹیکس کلیکشن اور معیشت کو سنبھالنے میں ناکام ہوچکی ہے اور حکومت کی ناکامیوں میں آج ایک اور اضافہ ہوا ہے۔
مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں اچانک 25 روپے اضافےسےگھر اور دکان کا بجٹ بیٹھ جائےگا اور ملک کی معیشت بھی متاثر ہوگی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے چور دروازے سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا، آئل اسٹاک کرنے والے مافیاز کو حکومت نے ایک رات میں اربوں روپےکی لاٹری دے دی، عام اورغریب آدمی کی جیب پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا جارہاہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اس ملک نےآپ کو بہت عزت دی، یہ ملک نہیں چل رہا تو عزت کےساتھ ریٹائرڈ ہرٹ ہوجائیں، اب آپ کے ریٹائر ہونے کا وقت آگیا ہے،کریز چھوڑ دیں۔