حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) نے بھی آج وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت کی جانب سے انہیں منانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادی ہیں مگر عشائیہ میں شریک نہیں ہو رہے کیونکہ پارٹی رہنما مصروف ہیں لیکن بجٹ کی منظوری کے تمام عمل میں حکومت کو ووٹ دے رہے ہیں۔
دوسری جانب ق لیگ نے اتحادی جماعتوں کی اپنی الگ بیٹھک جمالی ہے اور چوہدری برادران کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عشائیے پر مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس سلسلے میں چوہدری شجاعت حسین سے رابطہ کرکے ا نہیں منانے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر نے چوہدری شجاعت سے درخواست کی کہ ایک رکن قومی اسمبلی ہی بھجوادیں تاکہ ق لیگ کی نمائندگی ہو جائے تاہم چوہدری شجاعت نے ق لیگ کےکسی ایک رکن قومی اسمبلی کوبھی عشائیہ میں بھجوانےسے انکار کردیا۔
سربراہ مسلم لیگ ق نے وزیراعظم کو پیغام میں کہا کہ بجٹ میں ووٹ دینے کا وعدہ تھا، ووٹ دیں گے لیکن آپ کا کھانا نہیں کھائیں گے۔