وزیراعظم عمران خان نے ماحول کے تحفظ کے لیے ملک بھر میں 15 نیشنل پارکس بنانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں نیشنل پارکس منصوبے کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی کے تناظر میں ماحول کا تحفظ ضروری ہے ، 15 نیشنل پارکس بنانے کا فیصلہ آئندہ نسلوں کے لیے بڑا قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر لوگوں کو پتا ہی نہیں کہ اس ملک کو اللہ نے کتنے وسائل دیے ہیں، اب تک کسی حکومت نے ماحولیاتی منصوبوں کو ترجیح نہیں سمجھا،شہروں کے لیے ماسٹر پلان بنائے جائیں ، شہر تباہ ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نےسیاحتی مقام گلیات اور مری کو تباہ ہوتے دیکھا ہے ،گائیڈ لائنز دیں گے کہ کیسے نیشنل پارکس کو محفوظ بنانا ہے،قوانین بننے تک کوئی نیا علاقہ نہیں کھولا جائے گا،نیشنل پارکس سے مقامی نوجوان کو روزگار ملے گا تو وہ ان پارکس کا تحفظ کریں گے۔