پشاور(سپورٹس رپورٹر)خیبر پختونخواسپورٹس ڈائریکٹرکے ڈی جی اسفندیار خٹک نے پشاورکے علاقے گڑھی بلوچ میں سائیکلنگ ویلوڈرم کیلئے مختص اراضی کا دورہ کیااس موقع پر انکے ہمراہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ،ڈی ایس اوانور کمال برکی،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ نعمت اللہ مروت اور صوبائی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری نثار احمد بھی موجودتھے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک نے سائیکلنگ ویلوڈرم کیلئے سائٹ کو موضوع قراردیتے ہوئے کہاکہ ویلوڈرم کے قیام سے خیبر پختونخوابلکہ پاکستان میں سائیکلنگ کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے کھیلوں کے فروغ و ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں‘کوچنگ اور آگے جانے کے مواقع فراہم کئے جائیں اور سائیکلنگ ویلوڈرم خیبر پختونخوا کی سپورٹس میں بڑا قدم ہے کیونکہ ویلوڈرم نہ ہونے کے باعث ہمارے کھلاڑی ویلوڈرم ایونٹس میں پیچھے رہ جاتے تھے کیونکہ انہیں پریکٹس کے لئے ویلوڈرم مہیا نہیں تھا اور اب امید ہے کہ ویلوڈرم کی تعمیر سے خیبر پختونخوا کے سائیکلسٹ تمام ایونٹس میں نمبر ون بن جائیں گے‘ڈی ایس اوپشاور انور کمال برکی نے بتایاکہ اس آراضی کے حصول کیلئے بہت کوششیں کی گئیں ویلوڈرم اور پلے گراؤنڈ بنانے کیلئے 80کنال کی آراضی حاصل کی گئی ہے جس میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے کہاکہ یہ صوبے کا پہلااور پاکستان کا دوسراسائیکلنگ ویلوڈرم ہوگاجہاں خیبر پختونخواکے جونیئر وسینئر مرد اور خواتین کھلاڑی پریکٹس کرسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ خیبر پختونخوامیں دیگر کھیلوں کی طرح سائیکلنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن انہیں آگے بڑھنے کے مواقع مسیر نہیں تھے ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک اور انکی ٹیم نے کھیلوں کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے لانے میں بھرپورمددملے گی۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نثار احمد نے کہا کہ پشاور میں ویلوڈرم کی تعمیر سے یہاں قومی مقابلے باآسانی منعقد کئے جاسکیں گے انہوں نے کہا کہ صرف لاہور میں ویلوڈرم ہونے کے باعث زیادہ تر قومی مقابلے وہاں کرائے جاتے تھے پشاور میں سہولت فراہم ہونے سے بڑا مسئلہ حل ہوجائے گا انہوں نے اس سلسلے میں ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔