پاکستانی خاتون سائیکلسٹ ثمر خان کے ساتھ بھی اسلام آباد کی سڑک پر مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
سائیکلسٹ ثمر خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ساتھ ہونے والا واقعہ بیان کردیا اور بتایا کہ ’میں اسلام آباد کی سڑکوں پر سائیکلنگ کررہی تھی کہ ایک شخص نے بدتمیزی کی‘۔
ثمر خان نے بتایا کہ ’مرون شرٹ پہنے ایک شخص نے مجھے غیر مناسب انداز میں چھوا، میں نے ہمیشہ سائیکلنگ کو پروموٹ کیا، خواتین اسپورٹس کو پروموٹ کیا، میں نے سائیکل پر اس شخص کا پیچھا کرنے کی کوشش کی مگر وہ فرار ہوگیا‘۔
سائکلسٹ ثمر خان نے سوال کیا کہ ’سڑک پر چلتی لڑکی کو چھو کر کیا ملتا ہے آپ کو؟تین چار لوگوں نے واقعہ دیکھا مگر کسی نے مزاحمت کی کوشش نہیں کی‘۔
سائیکلسٹ ثمر خان نے سوال کیا کہ ’کیا لوگوں کو یہ حرکت گھٹیا نہیں لگتی؟‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے گجرانوالہ جاتے ہوئے موٹر وے پر بھی ایک خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا ہے جبکہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں بھی پڑوسی نے 5 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا۔