پشاور(سٹی رپورٹر)گورنمنٹ گرلزڈگری کالج گلبہار پشاور میں ٹیچر کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کاانعقاد کیاگیا،جس میں طالبات نے اساتذہ کے کردار پر روشنی ڈالی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر پشاور کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب کی مہمان خصوصی صبیحہ نازایڈیشنل دائریکٹرہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخواتھیں،جبکہ انکے ہمراہ فرنٹیئر کالج کی پرنسپل جمیلہ عدیل،سٹی گرلزکالج کی پرنسپل شاہین عمر،ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر سردار محمد عرفان اور عبدالغفور بھی موجودتھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقرررین نے کہاکہ معاشرے میں استادکا اہم کردار ہے وہ نوجوان نسل کو معاشرے کا ایک بہتر فرد بنارہے ہیں،انہوں نے کہاکہ آج اساتذہ کو بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاناچاہئے۔انکاکہناتھاکہ مذہب اسلام نے اساتذہ کو جو مقام دیاہے کسی بھی مذہب نے نہیں دیا،اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرانے کیلئے عالمی سطح پر منایاجارہاہے،جس کا مقصد اساتذہ کو معاشرے میں عزت دیناہے۔آخر میں اساتذہ کے موضوع پر تقاریرکرنے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور مہمانان کو یادگاری شیلڈزدیئے گئے۔