وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل قومی اثاثہ ہے جسے بیچنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم مسلسل نقصان کی وجہ سے ہوٹل بند ہونا قدرتی امر تھا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حکومت بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنائے گی، ملک میں گندم کے ذخائر پورے ہیں اور درآمدی گندم بھی آرہی ہے جب کہ سندھ حکومت نے بھی گندم ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے منظم طریقہ کار اپنایا جائے گا، سندھ حکومت نے آٹے کی مسلسل شارٹیج رکھی اور آٹے کی قیمت میں اضافہ بد نیتی کی وجہ سے ہے۔
اپوزیشن کے جلسوں پر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے جلسوں کے حوالے سے کابینہ میں بات نہیں ہوئی، حکومت چاہتی ہے کہ اپوزیشن جلسے کرے، حکومت کو ان کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے نیویارک میں پی آئی اے ہوٹل سے متعلق کہا کہ روز ویلٹ ہوٹل قومی اثاثہ ہے جسے بیچنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم مسلسل نقصان کی وجہ سے ہوٹل بند ہونا قدرتی امر تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی ملکیت نیویارک کے معروف ہوٹل روز ویلٹ کو مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔