برطانوی شاہی حیثیت سے باضابطہ طور پر دستبرداری اور عوام کو ووٹ کاسٹ کرنے پر زور دینے کے بعد میگھن مارکل امریکی صدارتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے والی شاہی خاندان کی پہلی خاتون بن گئیں۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران میگھن مارکل امریکی صدارتی انتخابات 2020 کے لیے لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے اور ووٹ ڈالنے سے متعلق ترغیب دیتی نظر آ رہی تھیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں میگھن مارکل کے امریکی صدارتی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کے حوالے سے معلومات دی گئی تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پرنس ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل ارلی ووٹنگ کا حصہ بنیں یا پھر انہوں نے کیلی فورنیا میں اپنے آبائی علاقے سانتا باربا میں مقامی طور پر ووٹ کاسٹ کیا۔
لوگوں کو ووٹ ڈالنے پر زور دیتے ہوئے سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ ہر چار سال بعد ہمیں بتایا جاتا ہے کہ یہ ہماری زندگی کا اہم ترین الیکشن ہے لیکن یہ ایک ایسا انتخاب ہے جس میں ہمارے ووٹ کے ذریعے ہماری اقدار کو عملی جامہ پہنایا جاتا ہے اور ہماری آوازیں سنی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ میگھن مارکل سے قبل شاہی خاندان میں برٹش کنگ ایڈورڈ VIII سے شادی کرنے والی ڈچز آف ونڈسر والس سمپسن بھی امریکی خاتون ہی تھیں لیکن ان کے حوالے سے یہ نہیں معلوم کہ انھوں نے امریکی صدارتی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کیا تھا یا نہیں۔
دوسری جانب پرنس ہیری کا کہنا ہے کہ شاہی رکن ہونے کی حیثیت سے زندگی میں کبھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا کیونکہ شاہی خاندان کا رکن ہونے کا مقصد سیاست سے دور اور غیر جانبدار رہنا ہے۔