پشاور (سپورٹس رپورٹر) خیبر پختونخوا نے پنجاب کو دو ایک سے شکست دیکر انڈر 16 نیشنل جونیئر گیمز کا سکواش ٹیم ایونٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔ مہمان خصوصی سابق ورلڈ چیمپئن جان شیرخان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس اسفندیارخان خٹک ، آرگنائزنگ سیکرٹری منور زمان ، محب اﷲ خان سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔خیبر پختونخوا ڈائریکٹوریٹ سپورٹس کے زیر اہتمام جاری گیمز کا سکواش ایونٹ کا فائنل قمر زمان سکواش کمپلیکس میں کھیلا گیا۔ فائنل کے پہلے میچ میں خیبر پختونخوا کے فہد شریف نے پنجاب کے سخی اللہ ترین کو 11-3، 11-4 اور 11-6 سے، دوسرے میچ پنجاب کے انس علی بخاری نے خیبر پختونخوا کے حماد خان کو 11-8، 11-2 ، 8-11 اور 11-8 سے جبکہ آخری سنگل میں خیبر پختونخوا کے مطہر علی نے پنجاب کے محمود محبوب کو 12-14، 8-9، 14-16، 14-14 اور 11-7 سے شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔