حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 95 پیسے فی لیٹر تک اضافے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ‘عوام کے ریلیف’ کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کے برعکس پیٹرولیم مصنوعات میں کم سے کم اضافہ کرنے کی منظوری دی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10.68 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔
تاہم عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2.31 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ منظور کیا گیا ہے۔تحریر جاری ہے
اسی طرح اوگرا کی جانب سے مٹی کے تیل میں 10.92 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) میں 14.87 روپے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔
اس کے برعکس مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.36 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت مین 3.95 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 106 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
مٹی کے تیل کی نئی قیمت 73 روپے 65 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 71 روپے 81 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔