پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے تاہم گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں فعال کیسز میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے، تاہم اب بھی یومیہ نئے کیسز اور اموات رپورٹ ہورہی ہیں۔
ملک میں سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے حوالے سے قائم کردہ پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 408 کیسز سامنے آئے جبکہ 41 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تاہم 3 ہزار 606 لوگ خوش نصیب تھے جو اس وبا سے شفایاب ہوگئے۔
یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 6 ہزار 701 ہوگئی جس میں سے 91 فیصد یعنی 4 لاکھ 61 ہزار 977 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 717 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 7 رہ گئی۔
خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔تحریر جاری ہے
اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔