ماضی کی معروف اداکارہ اور اداکار شان شاہد کی والدہ نیلو انتقال کرگئیں ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شان شاہد نے کہا کہ انتہائی افسردہ ہو کر سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ میری والدہ کا انتقال ہو گیا ہے اور وہ خالق حقیقی سے جا ملی ہیں، اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔شان شاہد کی والدہ نیلو نے ہدایت کار ریاض شاہد سے شادی کی جن سے ان کا بیٹا شان شاہد ہیں جو کہ خود بھی مقبول اداکار ہیں۔اداکارہ نیلو نے 1956 میں فلم بھوانی جنکشن سے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔شان شاہد کی والدہ اداکارہ نیلو کی مشہور فلموں میں زرقہ، راستے سمیت سیکڑوں فلمیں شامل ہیں۔انہیں 1969 میں بہترین اداکاری پر ’نگار ایوارڈ‘ سے بھی نوازا گیا۔نیلو بیگم 29 جون 1945 کو سرگودھا کی تحصیل بھیرہ میں پیدا ہوئیں اور 75 سال کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کرگئیں۔