آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کا ثمر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی اور اندرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ کورکمانڈرز کانفرنس نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی اور سیکیورٹی بحران ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرعالمی فورمز کے بڑھتے احساس کو مثبت طور پر نوٹ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کور کمانڈرزکانفرنس نے علاقائی امن واستحکام کیلئے پرامن ومستحکم افغانستان کی امیدکا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس کا کسی ممکنہ مس ایڈونچر کے خلاف مسلسل آپریشنل تیاریوں کی ضرورت پر زور دیا جبکہ کانفرنس کا سابق فاٹا اور خیبرپختونخوا میں بہتر ہوتی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس نے بلوچستان اور گلگت بلتستان میں دشمن خفیہ ایجنسیوں کے عزائم سے نمٹنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کا ثمر ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے اور قربانیوں کے نتیجے میں عالمی کرکٹ بحال ہوئی، ہم اس راستے پر گامزن رہیں گے۔