پشاور( سپورٹس رپورٹر)خیبر پختونخوا میں بنیادی سطح پر ٹینس کے فروغ کے لئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) اور پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف)کے باہمی اشتراک سے جونیئر ٹینس اینشی ایٹو (جے ٹی آئی) پروگرام 22 فروری سے شروع ہوگا ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا پاکستان ٹینس کورٹ شاہی باغ میں پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نمائندے حامد نیاز اور خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عمر ایاز خلیل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کابنیادی مقصد ٹینس کا فروغ اور جونیئر کھلاڑی تیار کرنا ہے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے 7 سے 14 سال کی عمر تک کے بچوں پر توجہ دی جائے گی جس کے لئے پہلے مرحلے میں پشاور ڈویژن کے مختلف سکولوں میں کیمپ میں لگائے جائیں گے جن میں ٹیلنٹ کی نشاندہی کی جائے گی جسے والدین اور سکول انتظامیہ کی مشاورت سے ٹینس کورٹس میں مزید تربیت دی جائے گی، ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس نے ایک ہزار سہولیات کھیل پراجیکٹ کے ڈائریکٹر مراد علی مہمند جبکہ ٹینس فیڈریشن اور صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن نے شہریار خان، ذاکر اللہ، نعمان، شاکر اللہ اور شاہ حسین کو کوآرڈی نیٹر مقرر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کا دائرہ بعد ازں صوبے کے دیگر تین ڈویژنوں تک بڑھایا جائے گا، آئی ٹی ایف کی جانب سے بچوں کو سامان اور آلات فراہم کئے جائیں گے، پروگرام میں اساتذہ اور ٹینس کوچز کو بھی تربیت دی جائے گی، سرکاری سکولوں میں کوچنگ کے فرائض انجام دینے والوں کو ڈائریکٹوریٹ سپورٹس نے الائونس دینے پر رضا مندی ظاہر کی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ٹینس ٹیلنٹ اور کوچز دیگر صوبوں سے زیادہ ہیںاس صوبے سے عالمی سطح کے کھلاڑی سامنے آنے کے مواقع زیادہ ہیں۔ جے ٹی آئی پروگرام سے ملک بھر میں ٹینس فروغ پائے گی اور جونیئر سطح پر باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیںگے جو آگے بڑھ کر عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کریں گے، آئی ٹی ایف کی جانب سے فراہم کردہ سامان اور اآلات میں صوبے کو اپنا جائز حصہ دیا جائے گا۔