پاکستان کے ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کے اسپیکر اسد قیصر نے 2018 کے سینیٹ الیکشن ویڈیو اسکینڈل میں ملوث ہونے کے سابق ارکان صوبائی اسمبلی کا الزام مسترد کردیا۔
اسد قیصر کا کہنا تھاکہ وہ حلف اُٹھاکر کہتے ہیں کہ ویڈیو اسکینڈل سے تعلق نہیں اور نہ ہی ویڈیو اسپیکر ہاؤس میں بنائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جس گھر کی ویڈیو ہے اس کی رپورٹ تمام اداروں کے پاس ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں 2018 کے سینیٹ انتخابات میں ارکانِ خیبرپختونخوا اسمبلی کی مبینہ خرید و فروخت کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے نوٹوں کے انبار لگے ہیں۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سابق رکن خیبر پختون خوا اسمبلی عبید اللہ مایار نے کہا تھاکہ اُس وقت کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے رقم لینے کی ہدایت کی، ایک کروڑ روپے کی یہ رقم اسپیکر ہاؤس میں دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اسد قیصر اُس وقت خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر تھے۔