بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں مسافر بس نہر میں گرنے سے 40 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق واقعہ بھارت کی وسطی ریاست کے ضلع سدھی میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مسافر بس نہر میں گرنے سے قبل پل سے ٹکرائی جس میں تقریباً 60 افراد سوار تھے۔تحریر جاری ہے
ہنگامی سرگرمیوں میں شریک حکام نے بتایا کہ ڈرائیور سمیت 7 مسافر تیر کر کنارے پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ متعدد لاپتا مسافروں کی تلاش جارہی ہے۔
دوسری جانب ریاستی حکومت نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا۔
اس ضمن میں عینی شاہدین نے بتایا کہ مسافر بس کے ڈرائیور سے گاڑی کا کنٹرول چھوٹ گیا اور شارڈا نہر میں گرنے سے پہلے بس پل کی حد سے ٹکرائی تھی۔
صوبائی وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بتایا کہ دو وزرا امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے حادثے کے مقام پر موجود ہیں۔
علاوہ ازیں واقعہ پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ میں متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد اور ان کے لواحقین کے لیے معاوضے کا بھی اعلان کیا۔
پولیس نے بتایا کہ بس سدھی سے ضلع ستنا جارہی تھی۔
گزشتہ برس جولائی میں نئی دہلی سے آگرہ جانے والے ہائی وے یمنا ایکسپریس پر بس حادثے کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اسی طرح بھارتی ریاست کرناٹکا میں مسافر بس نہر میں گرنے سے اسکول کے بچوں اور خواتین سمیت 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق کرناٹکا کے ضلع پینڈیوپورہ میں حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔
بھارت میں بے پرواہی پر مشتمل ڈرائیونگ اور مسافر بردار گاڑیوں میں ضرورت سے زیادہ افراد کی وجہ سے بیشتر واقعات پیش آتے ہیں۔
حکام نے روڈ سیفٹی کے حوالے سےکام کرنے والی تنظیم سیو لائف فاؤنڈیشن کو بتایا تھا کہ صرف 2017 میں یمنا ایکسپریس وے پر 763 حادثات ہوئے تھے جس کے نتیجے میں 145 افراد ہلاک ہوئے تھے۔