پشاور( سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر21 خیبرپختونخوا گیمز کے سلسلے میں مردو خواتین ٹرائلز کا آغاز ڈی آئی خان، ٹانک اور جنوبی وزیر ستان سے شروع ہوگیا جس میں سات فمیل اور 10 میل گیمز کے کھلاڑیوں نے کثیر تعداد میںشرکت کی، ٹرائلز ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے کوچز کے زیرنگرانی لئے جارہے ہیں خواتین گیمز میں والی بال، نیٹ بال، اتھلیٹکس، رسہ کشی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور کرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لئے ٹرائلز لئے جائیں گے جبکہ مردوں کے ٹرائلز ہاکی، ٹیبل ٹینس، جوڈو، کراٹے، تائیکوانڈو، ریسلنگ، باسکٹ بال، جمناسٹک، ووشو اور لیفٹنگ میں لئے جارہے ہیں ،

ڈائریکٹریس سپورٹس خیبرپختونخوا رشیدہ غزنوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر21 گیمز کے دوسرے مرحلے کیلئے ٹرائلز کا آغاز ڈی آئی خان سے شروع ہوگیا جس میں مردوخواتین کھلاڑیوں کے شفاف ٹرائلز کیلئے ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کے کوچز جس میں چیف کوچ شفقت اﷲ، سینئر کوچ سید جعفر شاہ ، اے ڈی سپورٹس ذاکر اﷲ ، برکت شاہ ہاکی کوچ، یاسر عزیز ٹیبل ٹینس کوچ، ایمل خان کراٹے کوچ، صابر علی جمناسٹک کوچ، عابد ایتھلیٹکس کوچ،عامر ویٹ لفٹنگ کوچ، نعمت اﷲ ریسلنگ کوچ، تیمور ووشو کوچ، شفیق تائیکوانڈو ، سبز علی جمناسٹک ،خواتین کوچز میں ، فاطمہ بیڈمنٹن کوچ، آمنہ ٹیبل ٹینس کوچ ، بشریٰ ولی بال کوچ شامل ہیں ،انہوں نے بتایا کہ ٹرائلز شیڈول کے مطابق 10 مارچ تک تمام 35 اضلا ع میں جاری رہینگے ۔

بنوں، لکی مروت کے 18 فروری، شمالی وزیرستان کے 19 فروری، کوہاٹ اور کرک کے 20 فروری، اورکزئی اور کرم کے 21 فروری، ہنگو کے 22 فروری، پشاور اور خیبر کے 23 فروری، مہمند کے 24 فروری، چارسدہ اور نوشہرہ کے 26 فروری، مردان اور صوابی کے 25 فروری، بونیر اور مالاکنڈ کے 27 فروری، سوات کے یکم مارچ، شانگلہ کے 2 مارچ، دیر پایان اور باجوڑ کے 3 مارچ، دیر بالا اور چترال پایان کے 4 مارچ، چترال بالا کے 5 مارچ، ہری پور اور ایبٹ آباد کے 7 مارچ، مانسہرہ اور بٹگرام کے 8 مارچ، کوہستان پایان اور کوہستان بالا کے 9 مارچ، کولئی پالس اور تورغر کے ٹرائلز 10 مارچ کو ہوں گے۔